اہم خبریں

شوہرسیر و تفریح کیلئے باہر نہیں لے کرجاتے؛ خاتون نے طلاق مانگ لی

دبئی(نیوز ڈیسک) شارجہ میں سیر و تفریح کیلئے باہر نہ لے جانے پر خاتون نےشوہرسے طلاق مانگ لی۔

خلیجی میڈیا کے مطابق شارجہ کورٹس کے شعبہ فیملی گائیڈنس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رضیہ حسن الریسی نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایاکہ خاتون نے فیملی گائیڈنس سروس سے رجوع کرتے ہوئے شکایت کی کہ ان کے شوہر گھر میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں اور انہیں سیر و تفریح یا سفر کے لیے اپنے ساتھ لے جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

خاتون نے شوہر کی دیگر خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں سخی، صابر اور اچھے اخلاق کا حامل جیون ساتھی بھی قرار دیا، تاہم شوہر کی گھر سے باہر جانے اور تفریح میں عدم دلچسپی ان کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی تھی۔

شارجہ کے فیملی گائیڈنس ڈپارٹمنٹ نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ بہن بھائیوں اور میکے والوں کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے باہر جاسکتی ہیں اور محض اس معاملے کی بنیاد پر طلاق کا فیصلہ کرنے سے گریز کریں۔

فیملی گائیڈنس حکام نے خاتون پر زور دیا کہ وہ ازدواجی زندگی میں باہمی سمجھوتے کو اہمیت دیں اور ایسے اختلاف کو گھر کا سکون متاثر کرنے کا سبب نہ بننے دیں،طرزِ زندگی اور تفریح کے حوالے سے میاں بیوی کی مختلف ترجیحات بعض اوقات ایک دوسرے کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں، تاہم ہر اختلاف ازدواجی رشتے کے خاتمے کا سبب نہیں بنتا۔

فیملی گائیڈنس حکام نے خبردار کیا کہ ہر معمولی اختلاف کو قانونی یا خاندانی تنازع میں تبدیل کرنے سے گریز کرنا چاہیے، خصوصاً اس صورت میں جب ازدواجی تعلقات میں کوئی سنگین مسئلہ موجود نہ ہو۔

مزید پڑھیں۔آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 شیڈول ، پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟

متعلقہ خبریں