اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان نے افغانستان کی جانب سے سرحد پر پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر افغان وزارت دفاع کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسپن بولدک کے قریب پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کا افغان دعویٰ درست نہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب گلستان سیکٹر میں افغان جانب سے پاکستانی حدود میں جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان اہلکار ہلاک ہوئے۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران مخالف طالبان چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ واقعے سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر بھی میڈیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کر رہی ہیں۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ دستیاب شواہد سرحدی جھڑپ اور افغان طالبان کے خلاف کی گئی جوابی کارروائی کی تصدیق کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز بھی افغان سرزمین سے ڈرونز کے ذریعے مبینہ مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔
مزید پڑھیں:لیگی رہنما چوہدری محمد اشرف انتقال کر گئے، سیاسی حلقے سوگوار













