اہم خبریں

علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت، 27 ستمبر کا مارچ نہیں رکے گا، راجہ ناصر عباس

علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت، 27 ستمبر کا مارچ نہیں رکے گا، راجہ ناصر عباس

اسلام آباد (اے بی این نیوز) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، ایسے ہتھکنڈوں سے 27 ستمبر کا مارچ نہیں رکے گا۔

اپنے بیان میں علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ علیمہ خان کسی احتجاج کی قیادت نہیں کر رہی تھیں بلکہ اپنے ذاتی کام کے لیے گھر سے نکلی تھیں۔ ایک خاتون کو پاکستان کے امن و امان کے لیے خطرہ قرار دینا حکومت کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی گرفتاری غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کی نشانی ہے، یہ اقدام غلط اور ناقابل قبول ہے۔ بزرگ خواتین کو اس طرح گرفتار کرنا درست نہیں، حکومت کو علیمہ خان کو فوری رہا کرنا چاہیے۔

راجہ ناصر عباس نے دعویٰ کیا کہ حکمران 27 ستمبر کے مارچ سے خوفزدہ ہیں، حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں اس روز مزید لوگ باہر نکلیں گے۔ ان کے بقول ایسے اقدامات سے احتجاج کو روکنے کے بجائے اسے مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام 27 ستمبر کا مارچ کریں گے، نہ ڈریں گے اور نہ جھکیں گے۔ عوام حکمرانوں کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے علیمہ خان کو بانی پی ٹی آئی کی بہادر، شجاع اور بابصیرت بہن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی بیٹی ہیں۔ ان کے مطابق علیمہ خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی بقا کے لیے جان دینے کو بھی تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے فاشسٹ طرز کے اقدامات شروع کر رکھے ہیں اور علیمہ خان کو اکیلا کرنے کی کوشش کا نتیجہ عوامی حمایت میں اضافے کی صورت میں نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اقدامات سے حکمران عوام کی نظروں میں مزید گریں گے۔

راجہ ناصر عباس نے مطالبہ کیا کہ علیمہ خان کو فوری طور پر رہا اور آزاد کیا جائے۔

مزید پڑھیں‌:ایشین گیمز 2026، پاکستان نے ہاکی میں پہلی ہی بار بڑی کامیابی حاصل کرلی

متعلقہ خبریں