کراچی (اے بی این نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی مستحق خواتین کے لیے ایک اہم ہدایت جاری کی گئی ہے، جس کے تحت مفت موبائل سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق پروگرام سے مالی امداد حاصل کرنے والی تمام مستحق خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے قریبی بی آئی ایس پی آفس سے مفت موبائل سم حاصل کریں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ جن مستحق خواتین نے ابھی تک اپنی مفت ’’بے نظیر سم‘‘ حاصل نہیں کی ہے وہ 10 ستمبر تک یہ عمل مکمل کریں۔
بی آئی ایس پی انتظامیہ کے مطابق مفت سم کے حصول کا مقصد مستحق خواتین تک مالی امداد کی شفاف اور محفوظ ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ خواتین مقررہ تاریخ تک اپنی مفت سم حاصل نہیں کرتیں تو بے نظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط ان کے اکاؤنٹس میں منتقل نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے عوام کے لیے بڑی خبر، 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی منظوری
BISP نے تمام مستحق خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سہ ماہی مالی امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں اور جلد از جلد اپنے قریبی BISP دفتر کا دورہ کریں۔
حکام کے مطابق مستحق خواتین کو اپنی ڈیوائس سے منسلک سم کی تصدیق اور جمع کرنے کا عمل بھی مکمل کرنا ہوگا۔
بی آئی ایس پی انتظامیہ نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ’’سم حاصل کریں، رقم حاصل کریں‘‘ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے وقت پر مفت سمیں حاصل کریں تاکہ مالی امداد کی رقم کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
واضح رہے کہ مفت سمز حاصل کرنے کے لیے مستحق خواتین کو صرف متعلقہ بی آئی ایس پی مراکز سے رجوع کرنا چاہیے اور اپنی ذاتی سمز فراہم کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
مزیدپڑھیں: امریکا ایران کشیدگی،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرگئیں















