لاہور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای بائیک اسکیم میں طلباء سے ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات کی سفارشات بھی مسترد کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے طلباء کو ایک لاکھ 30 ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ حکومت ای بائیکس پر انشورنس اور سود بھی ادا کرے گی، جبکہ طلباء کے لیے ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا حکم دیتے ہوئے اہل طلباء کو چھ ہفتوں کے اندر ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم کا دائرہ کار بتدریج سرکاری ملازمین، محکموں، عام شہریوں اور ڈیلیوری رائیڈرز تک بڑھانے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ طلباء کو ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ بائیک میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ای بائیک چلانے کے خواہشمند طلباء کو دو روزہ ڈرائیونگ تربیت بھی مفت فراہم کی جائے گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق اسکیم کا مقصد طلباء کو آسان اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں:کوریا کے سفیر کی فہد ہارون سے ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا میں تعاون بڑھانے پر اتفاق















