اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے نئے تعینات سفیر ہان سنگ ہو نے وزیرِ مملکت اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل میڈیا سمیت جدید ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فہد ہارون نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر کورین سفیر ہان سنگ ہو کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے کامیاب مدتِ سفارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فہد ہارون نے امید ظاہر کی کہ سفیر ہان سنگ ہو کی تعیناتی پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
ملاقات میں میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت، عالمی میڈیا کے بدلتے رجحانات، جدید ذرائع ابلاغ کو درپیش چیلنجز اور عوامی رابطے و ابلاغ میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر کورین سفیر نے ڈیجیٹل میڈیا اور مواصلات کے شعبوں میں پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
ہان سنگ ہو نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا، ٹیکنالوجی اور جدید مواصلات کے شعبوں میں تجربات، معلومات اور مہارت کے تبادلے کے مزید مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں:سعید اجمل شدید برہم، عاقب جاوید کو بھی فارغ کرنے کا مطالبہ















