اہم خبریں

ڈرائیور لیس گاڑی کے ٹکراؤ کی ویڈیو وائرل، پولیس کی باضابطہ وضاحت سامنے آگئی

ڈرائیور لیس گاڑی کے ٹکراؤ کی ویڈیو وائرل، پولیس کی باضابطہ وضاحت سامنے آگئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ روز ڈرائیور لیس گاڑی کے پولیس موبائل سے ٹکرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی باضابطہ وضاحت سامنے آگئی۔

اسلام آباد پولیس نے نوجوان طالب علم کے خلاف کارروائی کے بجائے اس کے ٹیلنٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین نے کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کے کمپیوٹر انجینئرنگ کے طالب علم احسان ظفر عباسی کے ہمراہ ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں واقعے کی تفصیلات بیان کی گئیں۔

ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین نے کہا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کی گئی، جس میں کسی قسم کی بدنیتی یا جرم کا عنصر سامنے نہیں آیا۔ نوجوان اپنی نئی ایجاد کا ٹیسٹ رن کر رہا تھا اور حادثہ محض انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور ملک کا روشن مستقبل ہیں، اس لیے اسلام آباد پولیس ان کی مکمل حوصلہ افزائی اور معاونت کرے گی۔

طالب علم احسان ظفر عباسی نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 2018 سے انٹرنیٹ کے ذریعے کنٹرول ہونے والی ڈرائیور لیس گاڑی کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔


ان کے مطابق انٹرویو کے دوران کیمرہ مین کے کہنے پر موبائل فون دکھاتے ہوئے ان سے غلطی سے دائیں کے بجائے بائیں جانب جانے کا بٹن دب گیا۔ کمانڈ تبدیل ہونے کے نتیجے میں گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے سامنے کھڑی پولیس وین سے جا ٹکرائی۔

احسان ظفر عباسی نے معاملے کو سمجھنے، تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے اور مثبت تعاون فراہم کرنے پر اسلام آباد پولیس اور بالخصوص ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین کا شکریہ ادا کیا۔

طالب علم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا کر مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
مزیدپڑھیں‌:ملک بھر میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

متعلقہ خبریں