راولپنڈی (اے بی این نیوز) پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کردیئے گئے۔
کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے وزارتِ دفاع کا دورہ کیا۔ وفد میں کویت فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
کویتی وفد نے وزارتِ دفاع راولپنڈی میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیکیورٹی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق پروٹوکول معاہدہ 2026، 2023 میں قائم کیے گئے فوجی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت دے گا۔
معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی، جن میں فوجی تربیت، استعدادِ کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہیں۔
وزارتِ دفاع کے مطابق معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے کو دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:پمز سانحے پر بڑا سوال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا؟















