نئی دہلی (ویب ڈیسک) سابق بھارتی لیگ اسپنر کرن شرما نے 38 سال کی عمر میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کے دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کرکٹ کیریئر کا اختتام ہوگیا۔
کرن شرما نے بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 2 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، جبکہ ان کا آخری بین الاقوامی میچ نومبر 2014 میں تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرن شرما نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا وقت مکمل ہوچکا ہے اور اب مزید کھیلنے کا کوئی مقصد نہیں۔ ان کے مطابق وہ 38 سال کے ہوچکے ہیں اور جتنا زیادہ کھیلیں گے، کسی نوجوان کھلاڑی کی ٹیم میں جگہ روکیں گے۔
سابق بھارتی لیگ اسپنر نے کہا کہ جب انہیں معلوم ہے کہ بھارتی ٹیم سے دوبارہ بلاوا نہیں آئے گا تو کھیل میں بنے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
کرن شرما کے مطابق انہوں نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے قبل اپنے خاندان اور قریبی دوستوں سے مشورہ کیا، جن کا بھی یہی خیال تھا کہ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا یہ درست وقت ہے۔
انہوں نے اپنا واحد ٹیسٹ میچ 2014 میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ محدود بین الاقوامی کیریئر کے باوجود کرن شرما ڈومیسٹک اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمایاں ریکارڈ کے ساتھ رخصت ہورہے ہیں۔
کرن شرما نے اتر پردیش، ریلوے، ودربھ اور آندھرا کی نمائندگی کرتے ہوئے 97 فرسٹ کلاس میچز میں 270 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ وہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلورو، ممبئی انڈینز، سن رائزرز حیدرآباد اور چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 90 سے زائد آئی پی ایل میچز کھیلے اور 4 مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔
یوں کرن شرما نے بھارتی کرکٹ میں ایک طویل ڈومیسٹک اور ٹی ٹوئنٹی سفر کے بعد کھیل سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ لے لی۔
مزید پڑھیں:حکومت مشکل میں، ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان















