اہم خبریں

سعودی حکومت سے متعلق بڑا فیصلہ 3 شاہی فرمان جاری

ریاض: سعودی عرب حکومتی ردوبدل کے تحت تین اہم شاہی فرامین جاری کردیئے گئے، جن کے ذریعے کابینہ کی تشکیل نو اور دو بڑے سرکاری اداروں میں نئی تقرریاں کی گئی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تین شاہی فرامین جاری کیے۔ ان فیصلوں میں ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں مجلس وزرا کی نئی تشکیل بھی شامل ہے۔

نئی تشکیل پانے والی کابینہ میں موجودہ وزرا کو برقرار رکھا گیا ہے، یعنی وزارتی سطح پر بڑے پیمانے پر تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہ فیصلہ مجلس وزرا کی چار سالہ مدت اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق شاہی احکامات کی متعلقہ شقوں کے تحت کیا گیا ہے۔

شاہی فرمان کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو لوکل کنٹینٹ اینڈ گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ بندر الخریف کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے، جنہیں عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے۔

ایک دوسرے شاہی فرمان کے تحت مازن السودیری کو کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں وزیر کے عہدے کے مساوی رینک دیا گیا ہے۔ اس تقرری کے نتیجے میں محمد القوییز کو چیئرمین کے منصب سے ہٹا دیا گیا ہے۔

تازہ فیصلوں سے واضح ہوتا ہے کہ سعودی قیادت نے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے موجودہ وزارتی ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب حکومتی ردوبدل کے حالیہ اقدامات میں ادارہ جاتی سطح پر نئی قیادت سامنے لائی گئی ہے، جبکہ کابینہ کی مجموعی ساخت برقرار رکھی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں