اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا اگر عالمی سطح پر جنگ بند نہ ہوئی اور قیمتیں مسلسل بڑھتی رہیں، تو عوام کو ریلیف دینے کے لیے ‘ٹارگٹڈ سبسڈی’ کا نظام دوبارہ واپس لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافے اور مستقبل کی حکمتِ عملی کے حوالے سے اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
وزیر پیٹرولیم سے سوال کیا گیا کہ “کیا ملک میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی؟” تو انہوں نے عالمی اور علاقائی کشیدگی کو سب سے بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، دو سے تین دن قبل عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی دیکھی جا رہی تھی، لیکن اب دوبارہ قیمتیں تیزی سے اوپر جا رہی ہیں۔علی پرویز ملک نے قیمتوں کے تعین کے حوالے سے بتایا کہ پٹرول پمپوں پر عوام کی تذلیل سے بچنے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں روکنے کے لیے حکومت نے 7 دن کی ایوریج کا نظام رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں جو بھی اتار چڑھاؤ آئے گا، اسے حکومت اپنے پاس روکنے کے بجائے براہِ راست آگےمنتقل کر دے گی۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کڑی شرائط کے باعث حکومت کے پاس مالی وسائل انتہائی محدود ہیں، اس لیے وہ خود سے قیمتیں کم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے واضح کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں گراوٹ صرف اسی صورت ممکن ہے جب عالمی حالات اور جنگی صورتحال کہیں جا کر تھمے، اگر مشرقِ وسطیٰ یا خطے میں معاملات مستقل جنگ بندی کی طرف جاتے ہیں، تو اس کا فائدہ خودبخود پاکستانی عوام تک پہنچے گا۔
انہوں نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی سطح پر جنگ بند نہ ہوئی اور قیمتیں مسلسل بڑھتی رہیں، تو حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ‘ٹارگٹڈ سبسڈی’ کا نظام دوبارہ واپس لے آئے گی تاکہ غریب طبقے کو تحفظ دیا جا سکے سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی ڈراموں میں محبت کا انداز بے مثال ہے، بغیر جسمانی قربت بھی جذبات دل جیت لیتے ہیں،شہناز گل















