نیو دہلی (اے بی این نیوز)بھارتی اداکارہ، گلوکارہ اور ٹی وی شخصیت شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت، جذبات اور کہانی سنانے کے انداز میں پاکستانی ڈراموں کا کوئی ثانی نہیں۔
ایک حالیہ گفتگو میں شہناز گل نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں کا ذکر کرتے ہوئے ہانیہ عامر، بلال عباس خان اور فہد مصطفیٰ کے نام لیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں، کرداروں کے درمیان کیمسٹری اور جذبات کی عکاسی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ رکھتی ہے۔
شہناز گل کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ان میں محبت کے اظہار کے لیے جسمانی قربت پر انحصار نہیں کیا جاتا، بلکہ صرف نظریں، مکالمے اور جذبات ہی کرداروں کے رشتے کی گہرائی کو نمایاں کرنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی سادگی اور فطری انداز پاکستانی ڈراموں کو دیگر ممالک کے ڈراموں سے منفرد بناتا ہے، جبکہ سلو برن اسٹوری ٹیلنگ ناظرین کی دلچسپی کو آخر تک برقرار رکھتی ہے۔
گفتگو کے اختتام پر شہناز گل نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا معیار اور جذباتی گہرائی واقعی قابلِ تعریف ہے اور ان کا مقابلہ کرنا آسان نہیں۔
یاد رہے کہ شہناز گل کو بگ باس 13میں شرکت کے بعد غیرمعمولی شہرت حاصل ہوئی۔ مرحوم اداکار سدھارتھ شکلا کے ساتھ ان کی دوستی بھی مداحوں میں خاصی مقبول رہی۔ بعد ازاں انہوں نے سلمان خان کی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا، جبکہ تھینک یو فار کمنگ سمیت دیگر فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکاری اور گلوکاری کے علاوہ وہ مختلف معروف شخصیات کے انٹرویوز بھی کرتی رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2027 کے لئے 12 وینیوز کا اعلان کردیا















