اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول سستا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا کر دیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 75 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 390 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اوگرا نے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نظرثانی شدہ قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ملک بھر میں ہوگا، جس کے تحت آئندہ پندرہ روز تک پیٹرولیم مصنوعات انہی نرخوں پر فروخت کی جائیں گی۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اس رد و بدل کا فیصلہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت اور دیگر معاشی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد صارفین اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی توجہ بھی ان تبدیلیوں پر مرکوز ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن کا کامیاب امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری















