اہم خبریں

ایرانی ریال کے خریدار ہوشیار، کرنسی مارکیٹ میں بڑی ہلچل

ایرانی ریال کے خریدار ہوشیار، کرنسی مارکیٹ میں بڑی ہلچل

کراچی (اے بی این نیوز) ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پاکستانی روپے کے مقابلے میں ایرانی ریال مزید کمزور ہو گیا ہے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت محض 4 ہزار 500 سے 5 ہزار پاکستانی روپےکے درمیان رہ گئی ہے۔

سینٹرل بینک آف ایران کی جانب سے جاری کردہ نئے سرکاری کرنسی ریٹس کے مطابق 29 جولائی 2026 کو ایک امریکی ڈالر کی سرکاری قیمت 14 لاکھ 36 ہزار 205 ایرانی ریال مقرر کی گئی، جو اس سے قبل 14 لاکھ 21 ہزار 105 ریال تھی۔ اسی طرح یورو کی سرکاری قیمت بڑھ کر 16 لاکھ 33 ہزار 131 ریال تک پہنچ گئی۔

ایرانی مرکزی بینک کے مطابق مجاز منی چینجرز کے زیر استعمال ثناء سسٹم میں امریکی ڈالر 15 لاکھ 17 ہزار 870 ریال جبکہ یورو 17 لاکھ 25 ہزار 994 ریال پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی قیمت 5 لاکھ 17 ہزار 104 ایرانی ریال مقرر کی گئی ہے، جس کے مطابق ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 5 ہزار 171 ایرانی ریال کے برابر بنتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار ایرانی ریال کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی نسبتاً مضبوط پوزیشن کی عکاسی کرتے ہیں۔

دوسری جانب ایران کی اوپن مارکیٹ میں صورتحال سرکاری نرخوں سے مختلف ہے، جہاں امریکی ڈالر 18 لاکھ 60 ہزار سے 18 لاکھ 90 ہزار ایرانی ریال کے درمیان خریدو فروخت ہو رہا ہے، جس سے سرکاری اور غیر سرکاری نرخوں میں واضح فرق سامنے آ رہا ہے۔

پاکستان کی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ایرانی ریال کے سرکاری اور مارکیٹ ریٹس میں نمایاں فرق موجود ہے۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق اس وقت ایک کروڑ ایرانی ریال کے نوٹوں کا پیکٹ 4 ہزار 500 سے 5 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

کرنسی مارکیٹ کے ماہرین نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اور غیر سرکاری ریٹس میں بڑے فرق کے باعث آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی مالی لین دین کے لیے صرف پاکستان کے لائسنس یافتہ ایکسچینج ہاؤسز کے جاری کردہ ریٹس پر ہی انحصار کیا جائے، کیونکہ مختلف مارکیٹوں میں نرخوں میں نمایاں فرق پایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:معروف پاکستانی اداکار و موسیقار انتقال کر گئے، شوبز انڈسٹری سوگوار

متعلقہ خبریں