اسلام آباد (اے بی این نیوز) ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ ترین درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد 101ویں نمبر پر آ گیا ہے اور بدستور دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ جولائی 2026 کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری اب صرف 29 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے سفر کر سکتے ہیں، جبکہ مئی میں یہ تعداد 30 تھی۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 199 ممالک کے پاسپورٹس کا جائزہ لیتا ہے اور یہ درجہ بندی اس بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے کہ کسی ملک کے شہری دنیا کے 227 سفری مقامات میں سے کتنی منزلوں پر پیشگی ویزا کے بغیر یا ویزا آن ارائیول کے ذریعے جا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ مئی میں 100ویں نمبر پر تھی، تاہم ایک سفری منزل کی سہولت ختم ہونے کے بعد پاکستان ایک درجہ نیچے آ کر 101ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ ہینلے انڈیکس کے مطابق جنوری 2021 سے پاکستانی پاسپورٹ مسلسل دنیا کے چار کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ اس وقت صرف افغانستان، عراق اور شام کے پاسپورٹس پاکستان سے نیچے ہیں، جبکہ یمن30 ممالک تک رسائی کے ساتھ 100ویں نمبر پر موجود ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہری بارباڈوس، کُک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسریٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، دی گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو سمیت متعدد ممالک کا بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
اسی طرح برونڈی، کمبوڈیا، کومورو جزائر، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، نیپال، پلاؤ، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو میں پاکستانی شہریوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل ہے، جبکہ کینیا، سیشلز اور سری لنکا کے لیے الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) کے ذریعے سفر ممکن ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کیپ ورڈے، موزمبیق اور قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ختم کر دی، جس کے باعث پاکستان کی عالمی درجہ بندی مزید متاثر ہوئی۔
سال 2026 کے دوران پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔ فروری میں پاکستان 97ویں، مارچ میں 98ویں، مئی میں 100ویں جبکہ جولائی میں مزید ایک درجہ تنزلی کے بعد 101ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب سنگاپور 192 ممالک اور علاقوں تک ویزا فری یا آسان رسائی کے ساتھ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ برقرار ہے، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سویڈن نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب کا بڑا قدم، نیو مسلم کارڈسروس متعارف















