اہم خبریں

نورین نیازی کے خلاف گھیرا تنگ، مقدمہ درج

نورین نیازی کے خلاف گھیرا تنگ،مقدمہ درج

اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف( پی ای سی اے)پیکا ایکٹ 2016 اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق یہ مقدمہ ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں دیے گئے مبینہ بیانات کی بنیاد پر درج کیا گیا، جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افواج سمیت ریاستی اداروں پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔

حکام کے مطابق نورین نیازی پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر اشتعال انگیز، ہتک آمیز اور گمراہ کن مواد پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا الزام ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق، کیس پی ای سی اے ایکٹ 2016 کی دفعہ 20 اور 26-اے اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 505 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ پوڈ کاسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا جس کے بعد معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ مواد ریاستی اداروں کے خلاف عدم اعتماد اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق نورین نیازی کو تفتیش میں شامل ہونے اور موقف پیش کرنے کے لیے متعدد نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تفتیش کے دوران دیگر ممکنہ کرداروں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:متحدہ عرب امارات کے ویزا مسائل سےمتعلق بڑی پیش رفت

متعلقہ خبریں