اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں نظرثانی کرتے ہوئے نئے پے اسکیل 2026 جاری کر دیے ہیں،وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا، جس کے مطابق نئے پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق نظرثانی شدہ بنیادی پے اسکیل 2026 میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 کو ضم کر دیا گیا ہے،موجودہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں یکم جولائی 2026 سے نئے پے اسکیلز کے تحت پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر مقرر کی جائیں گی،آفس میمورنڈم کے مطابق ملازمین کو سالانہ انکریمنٹ پہلے کی طرح ہر سال یکم دسمبر کو موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق دیا جاتا رہے گا۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ختم تصور ہوں گے، جبکہ وفاقی حکومت کے سول ملازمین، دفاعی تخمینوں سے تنخواہ لینے والے سویلین ملازمین، کنٹریکٹ ملازمین اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کو نئے بی پی ایس 2026 کی رننگ بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق مذکورہ الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرے میں آئے گا اور اس کی ادائیگی سے متعلق دیگر شرائط بھی جاری کردہ آفس میمورنڈم میں شامل کر دی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین سے 30 دن کے اندر تحریری اور ناقابل واپسی آپشن حاصل کریں کہ وہ بنیادی پے اسکیل 2022 کے تحت تنخواہ لینا چاہتے ہیں یا نئے بنیادی پے اسکیل 2026 کے تحت لیں گے ۔
حکام کے مطابق جو ملازمین مقررہ مدت کے اندر اپنا آپشن جمع نہیں کرائیں گے، انہیں خودکار طور پر نئے بیسک پے اسکیل 2026 اختیار کرنے والا تصور کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ نے مزید کہا ہے کہ نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران اگر کسی قسم کی بے ضابطگی یا اختلاف سامنے آتا ہے تو اس کے حل کے لیے وزارت خزانہ میں ایناملی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو متعلقہ معاملات کا جائزہ لے گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کا عمل جاری















