اہم خبریں

پیٹرول پمپ مالکان کا غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان

اسلام آباد: پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپ بند رکھے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول پمپ مالکان اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ دونوں فریقین کے درمیان مارجن میں اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے نفاذ جیسے اہم معاملات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کاروباری حالات میں پیٹرول پمپ مالکان کو متعدد مالی مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ کیا جائے اور پالیسی سے متعلق تحفظات دور کیے جائیں، تاہم مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے باعث احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔

پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال کے اعلان کے بعد ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری طور پر ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔

ایسوسی ایشن نے اپنے تمام اراکین سے ہدایت کی ہے کہ وہ ہڑتال میں بھرپور انداز میں شریک ہوں، اتحاد کا مظاہرہ کریں اور احتجاج کو مکمل طور پر پرامن رکھیں۔ ساتھ ہی حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے قابل قبول فیصلہ کیا جائے تاکہ عوام کو کسی ممکنہ پریشانی سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں