اہم خبریں

سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافہ، وزارت خزانہ کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافہ سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نئے بنیادی پے اسکیلز اور الاؤنسز کی تفصیلات بھی سامنے رکھ دی ہیں۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق نظرثانی شدہ پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا جبکہ مختلف الاؤنسز سے متعلق نئی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق نئے بنیادی پے اسکیلز 2026 میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 کو ضم کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں یکم جولائی 2026 سے نئے پے اسکیلز میں پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر مقرر کی جائیں گی، جبکہ سالانہ انکریمنٹ کا نظام پہلے کی طرح ہر سال یکم دسمبر کو نافذ العمل رہے گا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ختم تصور کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ وفاقی حکومت کے سول ملازمین، دفاعی بجٹ سے تنخواہ حاصل کرنے والے سویلین ملازمین، کنٹریکٹ ملازمین اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کو موجودہ بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں ہوگا اور اس پر قابل اطلاق ٹیکس قوانین نافذ ہوں گے۔ اس حوالے سے تمام ضروری شرائط آفس میمورنڈم میں درج کر دی گئی ہیں۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وفاقی وزارتیں، ڈویژنز اور سرکاری محکمے اپنے ملازمین سے 30 روز کے اندر تحریری اور ناقابل واپسی آپشن حاصل کریں۔ ملازمین کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ بنیادی پے اسکیل 2022 کے تحت تنخواہ لینا چاہتے ہیں یا نئے بنیادی پے اسکیل 2026 کو اختیار کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کوئی ملازم مقررہ مدت کے اندر اپنی آپشن جمع نہیں کراتا تو اسے خودکار طور پر بنیادی پے اسکیل 2026 منتخب کرنے والا تصور کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران ممکنہ تکنیکی یا انتظامی مسائل کے حل کے لیے ایناملی کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جو پیدا ہونے والی بے ضابطگیوں اور اعتراضات کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کرے گی۔ سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافہ کے اس فیصلے سے لاکھوں وفاقی ملازمین اور ان کے خاندان مستفید ہوں گے۔

متعلقہ خبریں