اسلام آباد(رضوان عباسی): دریائے چناب میں پانی کی آمد میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت سے پاکستان آنے والے دریائے چناب کے پانی کے بہاؤ میں گزشتہ چار روز کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد اور اخراج دونوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔
سرکاری ڈیٹا کے مطابق آج ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 50 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کی گئی، جبکہ پانی کا اخراج 21 ہزار 100 کیوسک رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق 15 جولائی کو ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 53 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 24 ہزار 200 کیوسک تھا۔ اس سے ایک روز قبل، 14 جولائی کو پانی کی آمد 56 ہزار 900 کیوسک جبکہ اخراج 27 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح 13 جولائی کو دریائے چناب میں پانی کی آمد 68 ہزار 500 کیوسک اور پانی کا اخراج 39 ہزار 300 کیوسک تھا، جبکہ 12 جولائی کو پانی کی آمد 71 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 44 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق صرف چار روز کے دوران دریائے چناب میں پانی کی آمد 21 ہزار 600 کیوسک کم ہوئی، جبکہ پانی کے اخراج میں بھی مسلسل کمی دیکھی گئی۔ اس صورتحال کے باعث دریا کے مجموعی بہاؤ میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل تبدیلی زرعی سرگرمیوں، آبپاشی کے نظام اور آبی ذخائر پر اثر انداز ہو سکتی ہے، اسی لیے متعلقہ ادارے پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔















