اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی سے متعلق سامنے آنے والے خدشات پر حکومت نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں اور عوام کو کسی بھی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا۔ متعلقہ اداروں نے واضح کیا کہ موجودہ ذخائر ملکی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہیں اور سپلائی کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔
نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل کے اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، اوگرا، ایف بی آر، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال، ذخائر اور سپلائی چین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی کے ابتدائی پندرہ روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث کچھ حلقوں میں سپلائی سے متعلق خدشات سامنے آئے۔ تاہم حکومتی جائزے کے بعد یہ واضح کیا گیا کہ طلب پوری کرنے کے لیے مطلوبہ مقدار میں ذخائر دستیاب ہیں۔
اوگرا نے اجلاس میں اس امکان کی بھی نشاندہی کی کہ ممکنہ قیمتوں میں اضافے کی افواہوں کے باعث بعض مقامات پر ذخیرہ اندوزی کی کوششیں ہو سکتی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے اوگرا کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔
صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا رکاوٹ فراہمی برقرار رکھنے کے لیے نگرانی مزید مؤثر بنائیں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف فوری اقدامات کریں۔
حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی اور عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔















