اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک میں مون سون سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جب کہ مغربی ہوائیں بھی بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں جس کے باعث بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ منگل کو بھی اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، اوکروال اور نارووال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ دیر، چترال، سوات، کالام، مالم جبہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، بنیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موجودہ ابر آلود موسم اور بوندا باندی بھی مون سون کی وجہ سے ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران شہر میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ وسطی اور بالائی اضلاع میں دن کے وقت شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خضدار، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ منگل کو گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا کا ایران سےمتعلق بڑا دعویٰ،اہم تفصیلات سامنے آگئیں















