اہم خبریں

ایران کا خلیجی ممالک پر جوابی میزائل حملہ ، امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا

تہران(اے بی این نیوز)ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں واقع پرنس حسن ایئر بیس پر امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران نے آبنائے ہرمز تاحکم ثانی بند کردی۔

ترجمان کے مطابق حملے میں کئی بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے جبکہ ایرو اسپیس فورسز نے بیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگرز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب ایران پر امریکی حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ بحرین میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کی تصدیق بحرین کی وزارت داخلہ نے بھی کی ہے۔

ادھر متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام ایران سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے میں مصروف ہے جبکہ قطر کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کو نشانہ بنانے والا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو تا حکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایک بحری جہاز نے غیر منظور شدہ راستے سے گزرنے کی کوشش کی جس پر انتباہی فائرنگ کی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ اطلاع تک کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر دشمن اس واقعے کو بہانہ بنا کر کسی بھی قسم کی غلطی کرتا ہے تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمزمکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا

متعلقہ خبریں