اہم خبریں

گندم بحران پر وزارت فوڈ سکیورٹی کا ہنگامی اجلاس، صوبوں سے مکمل رپورٹ طلب

گندم بحران کے خدشات کے پیش نظر وفاقی وزارت فوڈ سکیورٹی نے اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے، جس میں ملک بھر میں گندم کے موجودہ ذخائر، پیداوار اور دستیاب صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چاروں صوبوں کے متعلقہ افسران اور فوڈ ڈیپارٹمنٹس کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس کا مقصد حالیہ فصل کی کٹائی کے صرف تین ماہ بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینا اور مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت فوڈ سکیورٹی نے تمام صوبائی فوڈ ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں گندم کے سرکاری و دستیاب ذخائر، مجموعی پیداوار اور آئندہ چند ماہ کی ضروریات سے متعلق مکمل اعداد و شمار پیش کریں۔

حکام کے مطابق اجلاس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ ملک میں گندم کی فراہمی اور طلب کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے مزید کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگر کسی صوبے میں ذخائر کی کمی سامنے آتی ہے تو اس کے تدارک کے لیے ممکنہ تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم ملک کی بنیادی غذائی ضرورت ہے، اس لیے اس کی دستیابی، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور بروقت منصوبہ بندی نہایت اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے ابتدائی مرحلے پر تمام متعلقہ اداروں سے تفصیلات طلب کر لی ہیں تاکہ کسی ممکنہ بحران سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل اور ضروری انتظامی فیصلوں پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں