کراچی (اے بی این نیوز) کمشنر کراچی نے شہر میں آٹے کی نئی سرکاری قیمتیں جاری کر دیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل سطح پر آٹے کی قیمتوں کا دوبارہ تعین کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عام آٹے (2.5 عدد) کی ہول سیل قیمت 122 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ اسی آٹے کی خوردہ سرکاری قیمت 125 روپے فی کلو ہوگی۔
اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 132 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جب کہ ریٹیل سطح پر فائن آٹا 135 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا۔ کمشنر کراچی نے مل آٹے کی سرکاری قیمت بھی 145 روپے فی کلو مقرر کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ صرف سرکاری نرخوں پر آٹا خریدیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جہاں صرف دو روز میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 250 روپے اضافے سے 2900 روپے سے تجاوز کر گئی۔
اوپن مارکیٹ میں باریک آٹا، سپیشل آٹا، مکسڈ آٹا، سرخ آٹا اور میدہ کی قیمتوں میں بھی ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ تندور مالکان نے بڑھتی ہوئی قیمت کو جواز بنا کر روٹی کا وزن مزید کم کر دیا ہے۔ نانبائیوں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی میں رکاوٹ اور پابندی کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کا براہ راست اثر روٹی کی قیمت اور وزن پر پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:حج 2027 مزید مہنگا ہوگا؟عازمین کے لیے اہم خبر آگئی















