لاہور (اے بی این نیوز) امریکا ایران معاہدے کے نتیجے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو جائیں گی، قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں متوازن اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا ہے، پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا، ریونیو اکٹھا کرنے والے ادارے اپنے وسائل سے ٹیکس وصول کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے بڑے کاروباری اداروں کو ٹیکس دینا پڑے گا، بجٹ میں ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا تاہم ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس دینا ہوگا۔
ان کے مطابق مریم نواز کی سرجری ہوئی ہے اور انہیں بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا کیونکہ بجٹ وزیر خزانہ نے پیش کرنا ہے تاہم اس کے باوجود وہ ایوان میں آئیں۔
نیوز کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکٹرک بسیں پہلے جنوبی پنجاب میں پہنچائی گئیں، تنقید کرنے والے آنکھیں چیک کر کے ترقی دیکھیں، تعصب کے شیشے اتار کر دیکھیں پنجاب میں کتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔
اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بچوں کی طرح لائن میں کھڑے ہو کر بجٹ کو سنا اور میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب نے اس بار پھر سرپلس بجٹ پیش کیا، بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت اور سماجی شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی، صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے عوام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
مزید پڑھیں :بجلی صارفین کیلئے بڑی خبر،فکس ٹیکس معاملے پر اہم اپڈیٹ















