اہم خبریں

معروف کافی شاپ ڈبل شاٹ سیل

ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن،مشہور کافی شاپ سیل

لاہور( اے بی این نیوز)‌ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر معروف کیفے چین کی متعدد شاخوں کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے ڈبل شاٹ برانچز سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

پی آر اے کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کارروائی پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 کے سیکشن 59A کے تحت کی گئی۔ اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ متعلقہ کاروباری مراکز میں الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (EIMS) موجود ہونے کے باوجود بعض انوائسز سسٹم سے باہر جاری کی جا رہی تھیں، جو قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مختلف شاخوں سے ایسے شواہد اکٹھے کیے گئے جن سے معلوم ہوا کہ فروخت کی بعض رسیدیں مقررہ الیکٹرانک نظام کے بغیر جاری کی گئیں۔ اتھارٹی کے مطابق اس عمل سے حکومتی محصولات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

ڈبل شاٹ برانچز سیل کرنے کے حکم کے تحت لاہور میں واقع گلبرگ، فالکن کمپلیکس کینٹ، سی بلاک ماڈل ٹاؤن، ڈی ایچ اے فیز 6، لالک جان چوک ڈی ایچ اے فیز 2، پائن ایونیو اور ڈولمین مال کی شاخیں شامل ہیں۔

پی آر اے نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں اور سیلز ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کی گئی فروخت کے اعداد و شمار میں فرق پایا گیا، جس سے ٹیکس ایبل ٹرن اوور کم ظاہر کرنے کا شبہ پیدا ہوا۔

حکم نامے کے مطابق مذکورہ شاخیں مکمل قانونی تقاضے پورے ہونے یا ایک ماہ کی مدت مکمل ہونے تک بند رہیں گی۔ تاہم ادارے کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں‌:سونا اور چاندی مزید مہنگے ہوگئے، جانیے تازہ اپڈیٹ

متعلقہ خبریں