کراچی ہیٹ ویو کی شدت میں بدستور اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں بدھ کے روز شہر میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر ایک بجے کراچی کا اصل درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، تاہم ہوا میں نمی کی بلند شرح کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مغربی سمت سے 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔ یہی عوامل گرمی کے احساس میں غیر معمولی اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی کراچی میں شدید گرم اور مرطوب موسم ریکارڈ کیا گیا تھا، جہاں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ ملک کے مختلف علاقوں کی طرح کراچی بھی ان دنوں شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو کا سلسلہ 12 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بلند فضائی دباؤ کے نظام کے باعث معمول کے مقابلے میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ادارے کے مطابق 8 سے 12 جون کے دوران کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
کراچی ہیٹ ویو کے پیش نظر شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی سے محفوظ رہا جا سکے۔















