راولپنڈی(اے بی این نیوز) شہروں میں فلیٹس میں رہنے والے شہریوں کے لیے ایک خصوصی سولر اسکیم تیار کی جا رہی ہے، جس کے تحت مالکان اپنے دیہات میں سولر لگا سکیں گے اور اپنے شہر کے فلیٹس میں سولر کریڈٹ حاصل کر سکیں گے۔
حکومت پاکستان نے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایک انوکھی اسکیم پر کام شروع کر دیا ہے جس کے تحت اب شہری اپنے گاؤں کی زمین پر سولر سسٹم لگا سکیں گے اور شہروں میں اپنے گھروں یا فلیٹس میں بجلی کا کریڈٹ حاصل کر سکیں گے۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ وزیراعظم نے ایسی انقلابی اسکیم تیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت ملک میں سولر وہیلنگ کی باقاعدہ پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کا سب سے زیادہ فائدہ ان لوگوں کو ہوگا جو شہروں میں فلیٹس یا گھروں میں رہتے ہیں، جہاں چھت پر جگہ کی کمی کی وجہ سے وہ سولر پینل نہیں لگا سکتے۔
عثمان شوکت نے کہا کہ اب ایسے شہری اپنے گاؤں کی زمین پر سولر پلانٹ لگا سکیں گے اور اس سے پیدا ہونے والی بجلی کا کریڈٹ’’ نیٹ میٹرنگ کے ذریعے‘‘ اپنے شہر کے فلیٹ کے بجلی کے بل میں ایڈجسٹ کر سکیں گے۔
صدر آر سی سی آئی (RCCI )نے مزید کہا کہ سولر وہیلنگ پالیسی دنیا کے تمام بڑے اور ترقی یافتہ شہروں میں ایک مروجہ اور اہم ترین سہولت ہے جہاں اس کے ذریعے زمین کی قلت کا سامنا کرنے والے طبقے کو ریلیف دیا جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں اس جدید سہولت کا باقاعدہ آغاز ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہو گا جس سے نہ صرف نیشنل گرڈ پر بوجھ کم ہو گا بلکہ صارفین کے مہنگے بجلی کے بلوں میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔
مزید پڑھیں:ایران سے اہم اعلان، پاکستان کیلئے پروازوں کا شیڈول جاری















