لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے لیے پنجاب کا کل بجٹ 5131 ارب روپے ہو گا، پنجاب حکومت وفاقی حکومت کو 570 ارب روپے کی مالی رعایت دے گی۔
ذرائع کے مطابق اس رعایت سے وفاق اپنے مالیاتی خسارے اور آئی ایم ایف کے اہداف کو پورا کر سکے گا، پنجاب کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم ریونیو سے 3793 ارب 700 ملین روپے ملیں گے، صوبائی محاصل سے 1330 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے، بجٹ میں تنخواہوں کے لیے 650 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، جب کہ بجٹ میں 50 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔
پنجاب فنانس کمیشن کے لیے 800 ارب روپے، سوشل سیکیورٹی کے لیے 25 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، کلین پنجاب پروگرام کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، آپریشنل اخراجات کے لیے 580 ارب 200 ملین روپے رکھنے کی سفارشات ہیں، جب کہ دیگر پروگرام کی سرمایہ کاری کے لیے 221 ارب 900 ملین روپے رکھے جائیں گے۔
بیرونی امداد سے جاری منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے رکھنے کی سفارشات ہیں اور دیگر ترقیاتی اور سرمائے کے اخراجات کے لیے 570 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے کل اخراجات 3569 ارب 600 ملین روپے ہوں گے، صوبائی اخراجات کے بعد صوبے کے پاس 1562 ارب 200 ملین روپے کی ترقیاتی اور مالی گنجائش ہوگی۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق ہوگا۔
مزید پڑھیں:صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، بجٹ سے متعلق اہم امور پر غور















