اسلام آباد (اے بی این نیوز) آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) کی مد میں عوام سے 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کا مجوزہ ہدف رواں مالی سال کے مقررہ ہدف سے 292 ارب روپے زائد ہوگا، جبکہ موجودہ مالی سال کی متوقع وصولیوں کے مقابلے میں بھی 157 ارب روپے زیادہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کا 1468 ارب روپے کا ہدف باآسانی حاصل ہو جائے گا۔ جولائی سے مئی تک 1430 ارب روپے سے زائد لیوی وصول کی جا چکی ہے، جبکہ جون کے دوران مزید 140 ارب روپے جمع ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مالی سال کے اختتام تک پیٹرولیم لیوی کی مجموعی وصولی 1570 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے، جو مقررہ ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ ہوگی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی تا مئی گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 600 ارب روپے زیادہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی جمع کی گئی۔
مزید برآں جولائی سے مئی کے دوران درآمدی پٹرول اور ڈیزل پر 686 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد جبکہ مقامی ریفائنریوں میں کروڈ آئل سے تیار کیے گئے پٹرول اور ڈیزل پر 753 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی وصول کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں پیٹرولیم لیوی سے متعلق اہداف کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جن کا باضابطہ اعلان وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات،کئی حلقوں میں کانٹے دار مقابلے، جانیے تفصیلات















