اہم خبریں

گلگت بلتستان میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا، عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے، کھئیل داس کوہستانی

کھئیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں سخت مقابلہ متوقع ہے اور عوام اپنی رائے کا اظہار سیاسی نعروں کے بجائے جماعتوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے۔

اے بی این نیوز کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں اپنی ترقیاتی خدمات اور عوامی فلاحی منصوبوں کی بنیاد پر انتخابی میدان میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے آج بھی عوام کے سامنے ہیں اور یہی منصوبے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم گلگت بلتستان کے عوام مختلف صوبوں میں سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اپنا فیصلہ کریں گے۔

کھئیل داس کوہستانی نے زور دیا کہ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور اور نظریات کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مخالفین پر تنقید کے بجائے اپنے دور حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور عوامی فلاحی منصوبوں کی بنیاد پر ووٹ مانگ رہی ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا اور عوام کو اپنی رائے کے اظہار کا مکمل موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں ہونے والی گفتگو کو سیاسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے جبکہ نظریاتی اختلافات جمہوری عمل کا ایک مثبت حصہ ہیں۔

تحریک انصاف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قانونی اور سیاسی سطح پر مشکلات کا شکار ہے اور اندرونی اختلافات اس کی سیاسی طاقت کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق انتخابی عمل اور اداروں کو متنازع بنانے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ این او سی کے بغیر سیاسی سرگرمیوں کا مقصد انتخابی عمل کو متنازع بنانا معلوم ہوتا ہے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

متعلقہ خبریں