اہم خبریں

آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی

کرکٹ کے قوانین بدل گئے، آئی سی سی کا بڑا فیصلہ

دبئی (اے بی این نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے قوانین میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دیتے ہوئے ٹیسٹ میچوں میں ناقص روشنی کے باعث کھیل کے نقصان کو کم کرنے کے لیے سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند کے استعمال کے تجرباتی منصوبے کی منظوری دے دی۔ فیصلے کے تحت دونوں ٹیموں کی پیشگی رضامندی سے سرخ گیند کو فلڈ لائٹس میں میچ کے دوران گلابی گیند سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

آئی سی سی بورڈ نے اتوار کو احمد آباد میں ہونے والے اپنے اجلاس میں چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کی کئی سفارشات کی منظوری دی، جس میں ٹیسٹ کرکٹ میں کم روشنی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک نئی تجرباتی پالیسی بھی شامل ہے۔

اب تک گلابی گیند کو صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچوں میں استعمال کیا جاتا تھا لیکن نئے تجربے کے تحت گلابی گیند کو روایتی ٹیسٹ میچوں میں فلڈ لائٹس کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ کم روشنی کی وجہ سے اوورز اور وقت ضائع ہو جائے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ میچ آفیشلز اور سٹیڈیمز کے لیے جدید لائٹنگ ٹیکنالوجی پر تحقیق کرے گا تاکہ کھیل کو خراب روشنی سے متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔ اس سلسلے میں آئی سی سی اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) مشترکہ طور پر تحقیق اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کریں گے۔

اجلاس میں ایک اور اہم سفارش کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ہیڈ کوچ یا نامزد معاون عملہ کو ڈرنکس بریک کے دوران کھلاڑیوں سے مشاورت کے لیے میدان میں جانے کی اجازت ہوگی۔

اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ میں کوچز کو کھلاڑیوں سے بات کرنے کے لیے براہ راست میدان میں جانے کی اجازت نہیں تھی اور صرف مشروبات لے جانے والے کھلاڑیوں کے ذریعے ہی پیغامات پہنچائے جاتے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں دونوں اننگز کے درمیان 15 منٹ کا وقفہ ہوگا اور جب کھیل دوبارہ شروع ہوگا تو بلے بازوں کو پوری طرح تیار رہنا ہوگا۔

اس کے علاوہ آئی سی سی نے وائیڈ بال کے فیصلوں کے لیے استعمال ہونے والی گائیڈ لائنز کو مستقل بنیادوں پر لیگ سائیڈ پر اپنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ طریقہ خاص طور پر اس وقت مددگار ثابت ہوگا جب بلے باز کریز میں اپنی پوزیشن تبدیل کر رہا ہو۔

آئی سی سی نے مشکوک باؤلنگ ایکشن کے معاملے میں ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی بھی منظوری دی ہے جس کے تحت میچ آفیشلز کو باؤلر کے ایکشن کی رپورٹنگ پر غور کرتے وقت ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گی۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ویمنز چیمپئنز ٹرافی جون جولائی کے بجائے 14 سے 28 فروری 2027 تک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بے ضابطگیوں پر کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل کر دی تاہم کینیڈا کی قومی ٹیمیں معطلی کے دوران بھی آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کی اہل رہیں گی۔ اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ نے فرنچائز کرکٹ کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

آئی سی سی بورڈ کے دو نمائندے بنگلہ دیش کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بی سی بی کے انتخاب کے عمل سمیت بنگلہ دیش کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید پڑھیں :وزٹ ویزا ہولڈرز کیلئے بڑی خبر، نئی ہدایات جاری

متعلقہ خبریں