اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی جاری رہے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ 200 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی دی جارہی ہے، سبسڈی کے تحت بلوں میں ایک مخصوص رقم وصول کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 20 ملین سے تجاوز کر گئی ہے، سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کو ان کے بلوں پر کیو آر کوڈ ملتا ہے، وہ اسے سکین کریں، تمام صارفین کو کیو آر کوڈ سے منسلک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ مستحق صارفین کو سبسڈی ملتی رہے گی، یہاں ہر کوئی بجلی پر سیاسی بیانات دیتا ہے اور تالیاں حاصل کرنے کے لیے ایسے بیانات دیے جاتے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں بجلی کی قیمت میں کمی ہوئی ہے، حکومت نے گردشی قرضے میں 780 ارب کی کمی کی ہے، بجلی کی پیداوار کے لیے مقامی ذرائع پر انحصار بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ افراد کے شناختی کارڈز کے ذریعے بجلی کے میٹر منسلک کیے گئے ہیں، تحفظ یافتہ صارفین کی سبسڈی ختم کرنے کی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، گھریلو صارفین کے بلوں میں 16 فیصد اور محفوظ صارفین کے بلوں میں 32 فیصد کمی کی گئی ہے، زرعی اور گھریلو صارفین کو مجموعی طور پر 527 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 45 فیصد کمی کی گئی ہے، آئی پی پی معاہدوں سے 3500 ارب کی بچت ہوئی ہے، جب کہ بجلی کے بلوں پر ٹیکس لگانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
مزید پڑھیں:اب کرپٹ اہلکاروں کی شکایت ایک کلک پر، نئی ایپ آگئی















