کراچی(اے بی این نیوز)سوئی سدرن گیس کمپنی نے عید الاضحیٰ کے دوران صارفین کی سہولت کے لیے گیس فراہمی کا خصوصی شیڈول جاری کر دیا ۔
کمپنی کے مطابق عید کے دنوں میں شہریوں کو کھانا پکانے اور قربانی کے بعد گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے گیس کی دستیابی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
جاری شیڈول کے مطابق منگل 26 مئی کو گیس کی سپلائی رات 12 بجے تک دستیاب رہے گی تاکہ شہری عید کی تیاریوں میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کریں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق 27 اور 28 مئی کو عید الاضحیٰ کے موقع پر گیس کی فراہمی صبح 7 بج کر 30 منٹ سے رات 12 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔
شیڈول کے مطابق جمعہ 29 مئی کو گیس کی سپلائی صبح 7 بج کر 30 منٹ سے رات 10 بجے تک دستیاب رہے گی جبکہ 30 مئی سے گیس فراہمی کا پرانا شیڈول بحال کر دیا جائے گا۔
کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ عید کے ایام میں گیس کی طلب معمول سے زیادہ بڑھ جاتی ہے اس لیے صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیس کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ تمام علاقوں میں فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔
حکام نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ عید کے دوران گیس آلات احتیاط سے استعمال کریں اور کسی بھی لیکیج یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں۔امریکا ایران کشیدگی کے دوران پاکستان قابل اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا، ترک میڈیا















