اہم خبریں

آزاد کشمیر الیکشن:مسلم لیگ (ن) نے 30 حلقوں کے ٹکٹ فائنل کر لیے،راناثناء اللہ

اسلام آباد(رضوان عباسی)آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں انتخابی حکمت عملی، ٹکٹوں کی تقسیم اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور و وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثنا ءاللہ خان نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے جماعتی صورتحال، حلقہ وار سیاسی پوزیشن اور امیدواروں کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی حکمت عملی پر مشاورت بھی کی گئی۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو جلد پارٹی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے تاکہ انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔شرکاء میں مشتاق منہاس، چوہدری طارق فاروق، افتخار گیلانی، نجیب نقی، چوہدری محمد سعید، سردار طارق اور دیگر رہنما بھی شامل تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا ءاللہ خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے سے متعلق فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں، تاہم دونوں خطوں کے عوام کی جانب سے یہ مطالبہ ضرور سامنے آ رہا ہے کہ انہیں بھی دیگر صوبوں کی طرح فنڈز فراہم کیے جائیں۔

آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت چار اگست تک ہے جبکہ اس سے قبل 45 روزہ انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا اور الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔

مہاجرین کی 12 نشستوں کے خاتمے سے متعلق سوال پر رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ اس حوالے سے ایکشن کمیٹی کا مطالبہ موجود ہے اور حکومت اس معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، اس لیے ایسا کوئی اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین نے اپنے وطن اور گھربار چھوڑ کر جدوجہد کی، انہیں سیاسی عمل سے مائنس کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے لیے 30 حلقوں کے پارٹی ٹکٹ تقریباً فائنل کر چکی ہے اور متعلقہ امیدواروں کو انتخابی تیاری شروع کرنے کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق مشاورتی اور تنظیمی اجلاس جاری ہیں اور انتخابی شیڈول جاری ہونے سے قبل تمام فیصلے مکمل کر لیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:محسن نقوی کی تہران میں ایرانی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات

متعلقہ خبریں