اہم خبریں

ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے آج موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، گزشتہ دنوں کی نسبت آج درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دن کے وقت درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں آج 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بھی موسم خشک رہے گا اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

لاہور میں آج بادلوں کی موجودگی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث موسم قدرے مرطوب لیکن خوشگوار محسوس ہورہا ہے۔ آج سورج اور بادلوں کی آمیزش کا امکان ہے تاہم شہر میں آج بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران بادل برسنے کے امکانات ہیں جس سے موسم مزید خوشگوار ہو سکتا ہے۔

کراچی میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور شہر میں صبح سویرے پارہ 30 ڈگری تک پہنچ گیا، آج درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 مئی تک شمال مشرقی پنجاب میں ’’سپر سیل‘‘ طوفانی نظام بننے کا امکان ہے جس کے باعث لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں تیز ہوائیں، گرج چمک اور تیز بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں‌:ہنزہ میں سیاسی ہلچل،پاکستان مسلم لیگ ن کابینہ کے اجتماعی استعفے

متعلقہ خبریں