اہم خبریں

پاسدارانِ انقلاب امریکی جہازوں کو تباہ کرنے کیلئے تیار ہیں ،چیف جسٹس ایران

تہران (اے بی این نیوز) ایران کے اعلیٰ حکام نے امریکا کو براہ راست پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی اجئی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی کو جدید خطوط پر استوار کر لیا ہے، جس کے تحت تیز رفتار کشتیاں اور جدید زیرِ آب ڈرونز کو خفیہ مقامات، حتیٰ کہ ساحلی غاروں میں بھی محفوظ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ ہتھیار نہ صرف جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں بلکہ انہیں اس انداز میں تعینات کیا گیا ہے کہ دشمن کیلئے ان کا سراغ لگانا انتہائی مشکل ہو۔

ایرانی چیف جسٹس نے خاص طور پر آبنائے ہرمز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس اہم سمندری گزرگاہ کے قریب آنے کی ہمت نہیں کرے گا کیونکہ ایران اس علاقے میں مکمل کنٹرول اور برتری رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز ایران کیلئے اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل ہے اور یہاں کسی بھی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

امریکی حکام کی جانب سے اس بیان پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں امریکا واضح کر چکا ہے کہ وہ عالمی آبی گزرگاہوں میں آزادیِ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔ صورتحال کے پیش نظر خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے اور عالمی برادری کی نظریں اس بڑھتی ہوئی کشیدگی پر مرکوز ہیں۔

متعلقہ خبریں