کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پشاور زلمی کے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بیون جیکب نے 34، شمائل حسین نے 21، دنیش چندیمل نے 19 اور کپتان سعود شکیل نے 12 رنز بنائے۔
عثمان طارق 7، حسن نواز 5، ثاقب خان 4، جہانداد خان 3، ابرار احمد اور ریلی روسو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد باسط نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، ایرون ہارڈی اور علی رضا نے 2، 2 جب کہ سفیان مقیم اور مائیکل بریسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کشال مینڈس نے 83 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
زلمی کے فرحان یوسف 19 اور محمد حارث 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ ایرون ہارڈی 26 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے الزاری جوزف، ابرار احمد اور عثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں:کیا آپ کے شہر میں بارش ہوگی؟مکمل اپڈیٹ















