راولپنڈی (اے بی این نیوز) رشتے کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے تین افراد کو قتل کردیا گیا، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیکر آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ ٹیکسلا کے علاقے محلہ مکران میں رشتے کے تنازع نے ہنستا بستتا گھر اجاڑ دیا، ملزم نجیب اللہ نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرنے کے بعد تیز دھار آلے کی مدد سے تین افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولین کی شناخت 23 سالہ سمیہ گل ، 26 سالہ دانش اکرم اور 40 سالہ شہلا کے نام سے ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق سمیہ گل اور دانش اکرم نے اپنی پسند سے شادی کی تھی، جسے ملزم نجیب اللہ نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور اسی رنجش میں اس نے پورے خاندان کو نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نجیب اللہ گھر میں داخل ہوا اور پہلے فائرنگ کی، جس کے بعد اس نے مقتولین کو تیز دھار آلے سے ذبح کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ٹیکسلا سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
آئی جی پنجاب نے ٹیکسلا میں ہونے والے اس تہرے قتل کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
پولیس نے ملزم نجیب اللہ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں تاکہ اسے جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: دوسرے مرحلے کے وقت اور مقام پر تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں، ترجمان دفتر خارجہ















