کراچی ( اے بی این نیوز ) پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 159 رنز سے شکست دے دی، جس نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا اور سوشل میڈیا پر میچ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
247 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ حیران کن طور پر ٹیم کے 8 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جس نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد، سفیان مقیم اور ناہید رانا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں اور مخالف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
اس سے قبل زلمی کی بیٹنگ بھی زبردست رہی، جہاں کوشال مینڈس نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 87 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔
اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ کراچی کنگز کو پی ایس ایل 11 میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ میچ کے بعد شائقین کی جانب سے زلمی کی کارکردگی کو خوب سراہا جا رہا ہے اور ٹیم کی فارم کو ایونٹ کے لیے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :اسلام آباد عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا، وزیراعظم سے دنیا بھر کے راہنماؤں کے ٹیلی فونک رابطے















