اسلام آباد (اے بی این نیوز) معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے نوبل انعام یافتہ تعلیمی کارکن ملالہ یوسفزئی سے غزہ کی صورتحال پر ان کی مبینہ خاموشی پر سوال کیا جس پر ملالہ نے وضاحت دیتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔
تعلیم کے فروغ اور سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے شہزاد رائے نے ایک گفتگو کے دوران ملالہ یوسفزئی سے مختلف موضوعات پر بات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال پر ملالہ کی خاموشی پر سوال اٹھایا جس پر سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی۔
ملالہ یوسفزئی نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ ان پر بلاجواز تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس نے اسرائیلی اقدامات کے خلاف سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی اور ایک اہم تقریب میں اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خاص علامت بھی پہنی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہ صرف غزہ بلکہ دیگر متاثرہ علاقوں میں بچوں بالخصوص لڑکیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں جن میں ایرانی اسکول پر حملے میں جاں بحق ہونے والی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
ملالہ کے مطابق کچھ لوگ حقائق جانے بغیر تنقید کرتے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ عالمی سطح پر انسانی حقوق اور تعلیم کے مسائل پر مسلسل بات کرتی رہی ہیں۔ اس گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں اور یہ معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آ گیا ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوںپر رانا ثناءاللہ کی وضاحت، عوام کیلئے اہم معلومات















