اسلام آباد (اے بی این نیوز ) شہباز شریف نے قوم کے لیے ایک بڑا ریلیف اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور عالمی منڈی میں بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیراعظم کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی تجاویز کو مسترد کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے مزید دباؤ سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پیش نظر عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا گیا ہے اور حکومت اس سلسلے میں تقریباً 24 سے 40 ارب روپے تک کا بوجھ خود برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے اب تک 69 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات جاری ہیں تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ ریلیف پیکیج کو مؤثر بنانے کے لیے ایسا نظام بنایا جا رہا ہے جس کے تحت فائدہ صرف مستحق افراد تک پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی، سادگی اور کفایت شعاری کو قومی سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اشرافیہ کو بھی اپنی قومی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی اور مشکل حالات میں سب کو مل کر قربانی دینا ہوگی۔ ان کے مطابق حکومت عوام کے ایک ایک روپے کو امانت سمجھ کر خرچ کر رہی ہے اور قومی وسائل صرف عوامی مفاد کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں اتحاد، نظم و ضبط اور مشترکہ کوششیں ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہیں، اور قوم کو چاہیے کہ ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے ملکی استحکام میں اپنا کردار ادا کرے۔
شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک عبادات، صبر اور مخلوقِ خدا کی خدمت میں گزرا، اور یہی جذبہ ہمیں آگے بھی اپنانا ہوگا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت دنیا ایک غیر معمولی آزمائش سے گزر رہی ہے جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق خلیجی تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جس کے اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک پر پڑ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی صورتحال مزید بگڑتی ہے تو قیمتوں میں اضافے کے خدشات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔اہم اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس مد میں 24 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا جائے گا تاکہ عوام پر مزید دباؤ نہ پڑے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ایک مشترکہ قومی مشن ہے، جس کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد، محنت اور عزم کے ذریعے ہی ملک کو ایک مضبوط اور خودمختار ریاست بنایا جا سکتا ہے۔خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی سب سے بڑی طاقت ہے، اور مشترکہ کوششوں سے ہی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :
مزید پڑھیں :عمران خان کے بچوں کو نائیکوپ کارڈ پر سفر کی تجویز،جمائمہ نے اندر کے خدشات بتا دیئے،جا نئے حیران کن انکشاف















