اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک بھر میں بارش اور ژالہ باری کا نیا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس میں تمام اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث کل سے 25 مارچ تک مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ نیا سلسلہ کل سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں کو متاثر کرنا شروع کر دے گا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں بھی بادل گریں گے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کل سے 23 مارچ تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ: سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، حیدرآباد اور کراچی میں بھی کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے، جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ اداروں کو طوفانی نالوں کی صفائی اور ہنگامی صورتحال کے لیے مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:عیدالفطر کی عام تعطیلات کا اعلان















