اسلام آباد(اے بی این نیوز)ملک میں یوفون کے برانڈ کے تحت خدمات فراہم کرنے والی پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) نے اپنے ڈیجیٹل ٹیلی کام برانڈ ’اونک‘ کے ہمراہ پی ٹی اے کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ نیلامی میں کامیابی سے 5جی اسپیکٹرم حاصل کرلیا۔
اسپیکٹرم کا حصول پی ٹی ایم ایل کو پاکستان میں سماجی و معاشی بااختیاری، جدت طرازی اور جامع قومی ترقی کو فروغ دینے والی جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
یہ سنگِ میل پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے اگلے مرحلے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو تیز تر کنیکٹیویٹی، تیز رفتار انٹرنیٹ اور صارفین، کاروباری اداروں اور صنعتوں کے لیے بالکل نئے ڈیجیٹل تجربات کی راہ ہموار کرے گا۔
ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد پی ٹی ایم ایل کے ساتھ انضمام مکمل ہو نے کے بعد ٹیلی نار پاکستان بھی پی ٹی ایم ایل کا 5 جی اسپیکٹرم استعمال کرے گا۔
انضمام کی تکمیل کے بعد مشترکہ ادارہ حاصل کردہ اسپیکٹرم اور اپنے متحدہ نیٹ ورک کے ذریعے ملک بھر میں 7 کروڑ سے زیادہ صارفین کو اعلیٰ معیار کی جدید ترین خدمات فراہم کرے گا۔
5 جی محض تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ ڈیجیٹل صلاحیت کی ایک بالکل نئی جہت فراہم کرتا ہے جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔
صارفین کے لیے 5 جی بغیر رکاوٹ الٹرا ہائی ڈیفی نیشن ویڈیو اسٹریمنگ، معیاری کلاؤڈ گیمنگ، آگمینٹڈ اور ورچوئل رئیلٹی کے تجربات اور ڈیجیٹل خدمات و تفریح تک تیز تر رسائی ممکن بنائے گا۔
مزید پڑھیں۔ایران کا اسرائیل کے بن گورین ائیرپورٹ پر حملہ، اسرائیلی دفاعی نظام میزائل روکنے میں ناکام















