اہم خبریں

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے مسترد کر دیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    )مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ عوام پر بڑا معاشی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس سے مہنگائی کی ایک نئی لہر پیدا ہوگی جس کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ موجودہ حالات میں عوام پہلے ہی شدید مہنگائی کا شکار ہیں اور روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔

شازیہ مری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف عوام بلکہ معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام دوست پالیسیوں کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

مزید پڑھیں :ایران کا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن پر تازہ ترین حملہ،دشمن کے چھکے چھوٹ گئے

متعلقہ خبریں