اہم خبریں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان

پشاور(اے بی این نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی حکومت سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے زیر انتظام ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ سڑک کی توسیع کے لیے صوبائی حکومت مالی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے کے خصوصی جامع ترقیاتی پیکج کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس میں سے 50 ارب روپے سیاحت کے فروغ کے منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں۔

انہوں نے پارلیمنٹیرینز کو ہدایت کی کہ خصوصی ترقیاتی پلان میں شامل اسکیموں کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے علیحدہ مشاورتی نشست منعقد کی جائے۔ اجلاس میں الائی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام ماضی سے مختلف اور نمایاں ہو گا۔ جس میں بڑے اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبے شامل کیے جائیں گے۔ جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام فوری طور پر مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اے ڈی پی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ونز تیار کیے جائیں گے۔ اور صوبے کے پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

مزید پڑھیں۔پی ایس ایل 11 کا ابتدائی شیڈول تیار، میچز 6 شہروں میں ہوں گے

متعلقہ خبریں