لاہور(اے بی این نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد کے دیرینہ ساتھی اور برطانیہ میں پارٹی کے سینئر نائب صدر اقبال سندھو کی اہلیہ، معروف سماجی و سیاسی رہنما حنا ملک انتقال کر گئیں، ان کی وفات کی خبر پر سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں گہرے صدمے اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
مرحومہ نہایت ملنسار، بااخلاق اور انسان دوست شخصیت کی مالک تھیں۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شعبہ خواتین کی ایک مخلص اور متحرک رہنما کے طور پر ہمیشہ خدمات انجام دیتی رہیں اور خواتین کی خودمختاری، سماجی بہبود اور ملک کی ترقی کے لیے سرگرم رہیں۔ حنا ملک نے اپنے شوہر اقبال سندھو کے ساتھ مل کر سماجی، سیاسی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور ایک بااعتماد موٹیویشنل اسپیکر کے طور پر ہر موضوع پر مدلل گفتگو کی صلاحیت رکھتی تھیں۔
انہیں پارٹی قائد نواز شریف اور ان کی اہلیہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے ساتھ خصوصی قربت حاصل تھی اور وہ اکثر اپنی یادیں عوامی محافل میں شیئر کیا کرتی تھیں۔ برطانیہ میں بھی انہیں خلوص، اخلاق اور کردار کی وجہ سے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، اور وہ اپنی محبت، محنت اور خدمت کے جذبے کے لیے یاد کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں۔بھارت کا ایک اور تیجس طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ















