اہم خبریں

شیرخورمہ ریسپی:

یہ سچ ہے کہ پاکستانی کہیں بھی رہیں مگر اپنی دیسی روایات سے کبھی الگ نہیں ہوسکتے۔ کھانے پینے کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہے ،نانیوں دادیوں کے زمانے سے جو میٹھے پکوان ہمیں پسند آتے ہیں وہ ساری عمر اولین پسند بنے رہتے ہیں، خاص طور پر کراچی والے دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں اپنے شہر کے کھانوں کو کبھی نہیں بھولتے۔ مزے دار دیسی ذائقے نہ صرف اپنی لذت میں منفرد ہیں بلکہ حفظان صحت کے حوالے سے بھی قوت بخش اور توانائی فراہم کرنے والے ہیں۔ آج ہم اپنے صارفین کیلئے لائے ہیں شیر خورمہ کی آسانی ریسپی،جسے بناکرچاہنے والوں کے دل جیتے جاسکتے ہیں

شیرخورمہ
یہ ایک ایسی بہترین میٹھی اور مکمل ڈش ہے جسے کوئی چاہ کر بھی نظر انداز نہیں کرسکتا۔ سویوں، چاولوں، میوہ جات، چھوہاروں اور دودھ سے بنے مزے دار شیر خورمہ کا نام سنتے ہی منہ میں پانی آ جاتا ہے۔ یہ مسلمانوں کی قدیم روایتی ڈش ہے جسے تہواروں یا خاص مواقع پر صبح صبح ناشتے میں کھا کر منہ میٹھا کیا جاتا ہے۔ اس کے پیچھے ایک قدیم روایتی سوچ ہے کہ صبح صبح شیر خورمہ کھانے سے آپ کا سارا دن خوشگوار گزرے گا۔ شیر خورمہ کو تہواروں کا میٹھا بھی کہا جاتا ہے۔ برصغیر کے اس مقبول ترین میٹھے کا اصل وطن حیدرآباد کو سمجھا جاتا ہے تاہم یہ ہندوستان پاکستان سمیت پورے برصغیر میں ہر خاص و عام میں یکساں مقبول ہے۔ اسے گرم گرم ہی کھایا جاتا ہے تاہم ریفریجریٹر میں ٹھنڈا کر کے کھانے کا بھی اپنا ہی ایک الگ مزہ ہے۔ اگر آپ کا کوئی پاکستانی دوست ہے تو اسے اس بات کے لئے پکا کرلیں کہ وہ کم از کم ایک بار ضرور اپنے گھر کا بنا ہوا شیر خورمہ آپ کو کھلائے کیونکہ پاکستان میں شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جس میں عید، بقرعید یا خاص تہواروں پر شیر خورمہ نہ بنایا جاتا ہو۔
آئیے ہم آپکوبنانا سیکھاتے ہیں
اجزا

دودھ: 1 کلو

چھوارے: 6 عدد

سویاں: کوراٹر کپ

خشک میوہ ۔ بادام پستہ: چھلکا اترے اور باریک کٹے ہوئے

چینی: ایک چوتھائی کپ

گھی: 2 چمچ

ترکیب

دودھ کو ابالنے کے لیے ہلکی آنچ پر چولہے رکھ دیں۔

چھواروں کو پانی میں بھگو دیں۔ جب یہ نرم ہوجائیں تو گٹھلی نکال کر انہیں باریک کاٹ لیں اور انہیں دودھ میں ڈال لیں تاکہ مٹھاس آجائے۔

سویوں کو باریک باریک توڑ لیں۔

ایک کڑھائی میں گھی ڈال کر گرم کرلیں اور اس میں سویاں ڈال کر انہیں تل لیں، تلنے کے بعد سویوں کا رنگ سنہری یعنی گولڈن ہوجائے گا۔

اب ان سویوں کو دودھ میں ڈال چمچ ہلاتے رہیں اور ذائقے کے مطابق چینی شامل کرلیں۔ (یہ کام چھوارے نرم ہونے کے بعد کرنا ہے)

اب چولہے کی آنچ کو ہلکا کر کے چمچ اُس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک پانی خشک نہ ہوجائے۔

چینی کا پانی خشک ہونے کے بعد شیر خرمہ گاڑھا ہوجائے تو اسے چولہے سے اتار لیں، پھر بادام پستہ کا چھلکا اتار کر اسے آدھا کپ پانی میں ڈال کر ابالیں اور اسے دو منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

ابال آنے کے بعد بادام پستے کا چھلکا اتار لیں اور انہیں چھری سے باریک باریک کاٹ لیں اور پھر شیر خرمہ کو ڈش میں ڈال کر باریک کٹا ہوا پستہ بادام حسب ذائقہ اوپر سے چھڑک لیں۔

لیجئے بہترین شیر خرمہ بالکل تیار ہے۔

متعلقہ خبریں