اسلام آباد (اے بی این نیوز)اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو کوریج سے روک دیا اور تمام صحافیوں کو کے پی ہاؤس سے دور ہٹا دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے کے پی ہاؤس جانے والے تمام راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا جبکہ مرکزی سڑک پر خار دار تاریں لگا کر علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق متعدد صحافی جب کوریج کے لیے موقع پر پہنچے تو انہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو عمارت کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تاہم میڈیا نمائندگان نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکا جا رہا ہے۔علاقے میں کشیدگی کے باعث اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ اطراف کی سڑکوں پر بھی ناکہ بندی جاری ہے۔ عام شہریوں کی آمدورفت محدود کر دی گئی ہے اور بعض مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ تاحال حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ اہم ملاقات یا سیاسی سرگرمی کے باعث سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :رمضان پیکیج کاافتتاح،13ہزار روپے فی خاندان کو ملیں گے،جا نئے کیسے ادائیگی کی جا ئے گی















